خود اپنی تلاش اور دنیا کو سمجھنے کی کوشش میں مصروف ایک طالب علم۔ سحر عندلیب، |

تازہ ترین

Post Top Ad

Your Ad Spot

پیر، 13 ستمبر، 2021

کاربن مونو آکسائیڈ کے انسانی زندگی پر اثرات۔

کاربن مونو آکسائیڈ کے انسانی زندگی پر اثرات۔

امریکی ریاست میساچوسٹس میں ایک آدمی کے گھر میں پراسرار طور پر کچھ نوٹس خود بخود ہی نظر آنے لگے ۔ اس نے اس مسئلے کے حل کے لئے انٹر نیٹ کا رخ کیا ۔ کچھ ہفتوں سے مختلف قسم کے نوٹس اسکو اپنے گھر میں ملنے لگے  وہ ان پر موجود لکھائی کو بھی نہیں پہچانتا تھا ۔ اکثر اوقات ان نوٹس پہ ان کاموں کی یاد دہانی ہوتی جو اس آدمی کو کرنے ہوتے تھے یا کچھ یادداشتیں قسم کے نوٹس ہوتے ۔ وہ آدمی چونکی اکیلا رہتا تھا اور اس کو یاد نہیں پڑتا تھا کہ وہ نوٹس اس نے کبھی بنائے ہوں۔ جیسے جیسے دن گزرتے گئے اس طرح کے یادداشتی نوٹس میں اضافہ ہوتا گیا اور کبھی اس کے دروازوں پر ، الماریوں پر یا کچن کیبنٹس پر وہ موجود ہوتے ۔ اب اس آدمی کو یقین ہو گیا کہ اس کے گھر میں اس کے علاوہ بھی کوئی رہتا ہے جو اس پہ ہر وقت نظر رکھے ہوئے ہے ۔ 

جاسوسی ٹیموں نے جب اس مسئلے پہ کام کیا تو یہ پتہ چلا کہ وہ آدمی چونکی ایک چھوٹے سے گھر میں اکیلا رہتا تھا اور وہاں کوئی کھڑکی اور ہوا کا مناسب انتظام نہیں تھا اور اس مکان میں کہیں سے کاربن مونو آکسائیڈ کی کافی مقدار موجود تھی جس کی وجہ سے اس آدمی کو سر درد ، یادداشت میں کمی اور واہمے ہو رہے تھے ۔ وہ یادداشتی نوٹس اس نے خود لگائے ہوتے تھے مگر بعد میں مکمل بھول جاتا تھا ۔ جب وہاں کاربن مونو آکسائیڈ کا لیول چیک گیا تو وہ مانیٹر پر 100ppm  تھا جو کہ یقینا ایسی علامات پیدا کرنے کے لئے نہ صرف کافی تھا بلکہ زیادہ دیر تک اگر ایسے ہی رہتا تو جان لیوا بھی ہو سکتا تھا ۔ 

جس ہوا میں ہم سانس لیتے ہیں اگر اس میں کاربن مونو آکسائیڈ کی مقدار زیادہ ہو تو جسم میں آکسیجن کی جگہ لے لیتی ہے اور اس سے شدید قسم کا ذہنی اور جسمانی نقصان ہو سکتا ہے ۔ کاربن مونو آکسائیڈ ایک بے رنگ ،بے بو اور بے ذائقہ گیس ہے اور یہ گیس ، لکڑی، کوئلے اور دوسرے ایندھن کے جلنے سے پیدا ہوتی ہے خصوصا تنگ اور بغیر ہوا کی گزرگاہ والی جگہوں پر یہ گیس اکٹھی ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ 

اس گیس کی علامات میں 

شدید سر درد 

کمزوری

نقاہت 

متلی 

سانس کی تنگی 

نظر کا دھندلا پن 

دماغی کمزوری 

نیم بیہوشی 

کاربن مونو آکسائیڈ بیہوشی میں کسی مریض یا سوئے ہوئے شخص کے لئے زیادہ زہریلی ہو سکتی ہے اور ایسے میں خطرے کا پتہ چلنے تک متاثرہ شخص کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے ۔ 

کاربن مونو آکسائیڈ کی علامات اگر زیادہ ہوں تو جان جانے کے خطرے کے پیش نظر فوری میڈیکل ایمرجنسی کی ضرورت ہوتی ہے اگر ایسی کوئی صورت آپ کے ساتھ  یا آپ کے ارد گرد کسی کے ساتھ پیش آئے تو فورا تازہ ہوا میں پہنچیں اور بروقت ڈاکٹر تک جائیں۔ کاربن مونو آکسائیڈ کا زہر گیس والا دھواں یا ہوا اندر لے جانے سے ہوتا ہے جب آپ ایسی ہوا میں زیادہ دیر تک سانس لیتے ہیں تو یہ زہریلی گیس خون میں موجود سرخ خلیات کے اندر آکسیجن کی جگہ لے لیتی ہے اور ہمارے جسم میں عضلاتی اور اعضاء تک آکسیجن کی فراہمی رک جاتی ہے۔ ایندھن جلانے کے لئے استعمال ہونے والے گھریلو آلات کاربن مونو آکسائیڈ پیدا کرتے ہیں مگر یہ پیدا شدہ گیس اتنی زیادہ نہیں ہوتی کہ پریشانی کا سبب بنے لیکن اگر یہی گیس کسی تنگ جگہ میں اکٹھی ہوتی رہے تو یقینا پریشانی کی وجہ ہوتی ہے گھروں کے اندر تنگ جگہ میں گیس اور کوئلے جلا کر بار بی کیوز کرنا وغیرہ گیس کی غیر ضروری مقدار اکٹھی کرنے کا سبب بن جاتا ہے ۔ کسی جگہ پر اگ لگی ہوئی ہو اور وہاں زیادہ دیر تک موجود رہنے سے بھی کاربن مونو آکسائیڈ زہر کا شکار ہوا جا سکتا ہے ۔ 

کاربن مونو آکسائیڈ قبل از پیدائش بچوں کے لئے انتہائی خطرناک ہوتی ہے ۔ ماں کے پیٹ میں ایک بچہ زیادہ تیزی سے کاربن اپنے خون میں جذب کرتا ہے ۔

بوڑھے افراد میں کاربن مونو آکسائیڈ جوانوں کی نسبت دماغی عضلات کو زیادہ نقصان پہنچاتی ہے ۔ 

اس کے علاوہ خون کی کمی اور دل کے مریضوں کے علاوہ سانس کی بیماریوں کا شکار افراد کو کاربن مونو آکسائیڈ سے جان جانے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے  اسکے علاوہ وہ لوگ جو اس گیس کی وجہ سے بیہوش ہو جائیں ۔ 

گیس  کے زہر کی مقدار زیادہ دورانیے تک انسان کے اندر جانے سے دماغ کو مکمل نقصان بھی پہنچ سکتا ہے اس کے علاوہ دل کی مستقل بیماری ، فوری موت اور اسقاط حمل بھی واقع ہو سکتا ہے ۔ 

کاربن مونو آکسائیڈ کے زہر سے بچنے کے لئے آسان حفاظتی اقدامات: 

اپنے گھروں اور دفاتر میں کاربن مونو آکسائیڈ ڈیٹیکٹر نصب کروائیے ۔ گھروں میں سونے کی جگہ کے نزدیک اس آلے کو لگوائیں اور اس میں موجود بیٹری کو وقتا فوقتا چیک کرتے رہیں  اور اگر آلے میں نصب الارم گونجے یا کسی بھی دوسری طرح سے گیس کے پھیلنے کا شک ہو تو فورا گھر سے نکل جائیں اور ریسکیو پر کال کریں۔ کاربن مونو آکسائیڈ ڈیٹیکٹر کشتیوں اور جہازوں کے لئے بھی استعمال ہوتے ہیں۔ 

اگر آپ کہیں جانے لگیں تو اپنی گاڑی سٹارٹ کرنے سے پہلے گیراج کا دروازہ کھول لیں اور کبھی بھی گیراج میں زیادہ دیر تک گاڑیوں کا انجن آن مت رکھیں خصوصا جب گیراج بند کمرے کے جیسا ہو اور باقی مکان کی عمارت کے ساتھ ملا ہوا ہو   

اپنے گھر میں گرمائش کے لئے کبھی بھی گیس والے چولہے کو جلا کر مت رکھیں اسی طرح ہیٹرز سونے سے پہلے ہیٹرز کو بند کر دیں اور کمروں کی کھڑکیاں اور دروازے مکمل بند نہ کریں۔ تنگ جگہ خصوصا تہ خانوں اور گیراج کے اندر جنریٹر چلا کے مت رکھیں ۔ 

اگر گھر میں آگ جلانے کی جگہ بنی ہوئی ہے اور وہاں گیس کا استعمال ہوتا ہے تو ان کی چمنی کی صفائی ہر سال موسم سرما سے پہلے کروائیں اور دھیان رکھیں کے گیس اور دھوئیں کے اخراج میں کوئی رکاوٹ نہ ہو اور تازہ ہوا کا گزر گھر میں ضرور ہو ۔ 

اگر گھر میں کہیں گیس کا لیکیج ہو تو وہاں رہائش سے پہلے کسی ماہر کو بلا کر دکھا لینا چاہیئے ۔ اسی طرح گیس اور کیمیکلز کے استعمال کے دوران خاص احتیاط برتتے کی ضرورت ہوتی ہے ۔ میتھیلین کلورائیڈ وانش اور پینٹ وغیرہ کے سامان میں استعمال ہوتا ہے اس میں کاربن مونو آکسائیڈ ہوتی ہے جو سانس لینے میں دشواری کر سکتی ہے میتھیلین کلورائیڈ کے ساتھ زیادہ دیر تک کام کرنے میں کاربن مونو آکسائیڈ زہر کے اثرات ہو سکتے ہیں۔ گھروں کے اندر کیمیکلز اگر استعمال کرنے پڑیں تو ان کو کھلی جگہ پر مکمل حفاظتی لباس کے ساتھ استعمال کیا جائے اور ان کے ساتھ دی گئ حفاظتی تدابیر والی کاپیوں کو مکمل پڑھ لیا جائے ۔ 

گھروں میں کاربن مونو آکسائیڈ گیس تیل اور گیس کے استعمال سے پیدا ہوتی ہے جو کہ ہیٹرز اور بوائلرز کے زیادہ استعمال یا گیس کے لیک ہونے سے اکٹھی ہوتی ہے ۔ اگر آپ نے موسم سرما کی شروعات سے پہلے اپنے گھر کو گرم رکھنے والے سسٹم کو بروقت چیک نہیں کروایا اور اس کی ضروری مرمت نہیں کروائی تو ممکن ہے کہ آپ کے گھر میں استعمال ہونے والے آلات میں موجود سوراخ یا لیک کی وجہ سے آپ کے گھر میں کاربن مونو آکسائیڈ اکٹھی ہوتی رہے ۔ یہ گیس چونکہ بے رنگ اور بے بو کی ہے تو اس کے گھر میں موجود ہونے کا اندازہ فوری طور پر نہیں ہو سکتا ۔ کاربن مونو آکسائیڈ ڈیٹیکٹر کے بغیر یہ پتہ نہیں چلایا جا سکتا کہ یہ گیس کہاں سے آ رہی ہے اور گھر کے اندر کسی حد تک بھر چکی ہے ۔ اگر آپ نے کافی وقت سے اپنے ہیٹنگ سسٹم کو چیک نہیں کروایا تو آپ کاربن مونو آکسائیڈ کو سانس کے اندر لے جانے کے خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں اس نے نہ صرف آپ کی صحت اور جان کو خطرہ ہوتا ہے بلکہ آپ کے گھر میں استعمال ہونے والے آلات کی خرابی کا بھی اندیشہ ہوتا ہے ۔ 

( یہ پوسٹ آگاہی اور یاد دہانی کے لئے لکھی گئی ہے تا کہ موسم سرما شروع ہونے سے پہلے اپنے گھروں میں موجود آلات وغیرہ کو چیک کروا کے اپنی اور اپنے پیاروں کی قیمتی جان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے ۔) 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

تقویت یافتہ بذریعہ Blogger.

رابطہ فارم

نام

ای میل *

پیغام *

Post Top Ad

Your Ad Spot

میرے بارے میں